کاروار، 14؍ اپریل (ایس او نیوز) گرمی کا موسم ختم ہونے اور بارش شروع ہونے میں ابھی تقریباً 2 مہینے کا عرصہ باقی ہے اور ریاست میں ابھی سے بجلی کی قلت شروع ہوگئی ہے جس کے پیش نظر غیر اعلان شدہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔
متعلقہ محکمہ کے معتبر ذرائع سے ملنے والی خبر کے مطابق لوڈ شیڈنگ کا اعلان سرکاری طور پر نہیں کیا گیا ہے مگر بجلی کی پیداوار میں%40 تک کمی اور مانگ میں اضافہ کے پیش نظر شہروں میں 4 گھنٹے اور دیہاتوں میں 6 گھنٹے تک غیر معلنہ لوڈ شیڈنگ شروع کی گئی ہے ۔
پتہ چلا ہے کہ کرناٹکا پاور ٹرانسمیشن کارپوریشن لمیٹیڈ کی طرف سے کرناٹکا پاور کارپوریشن لمیٹیڈ کو بجلی کی قیمت سے متعلق 15 ہزار کروڑ روپے ادا ہونے باقی ہیں ۔ اور کے پی ٹی سی ایل نے واضح کیا ہے کہ بجلی کمپنیاں گھاٹے میں چل رہی ہیں اس لئے ان کے لئے یہ رقم ادا کرنا بہت مشکل ہوگیا ہے ۔
کرناٹکا پاور کارپوریشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع شمالی کینرا میں بھی آنے والے دنوں میں حالات بے قابو ہونے کے امکانات کو محسوس کرتے ہوئے بجلی کی پیداوار میں کٹوتی کی گئی ہے ۔ لنگن مکّی ڈیم میں جو پانی کا ذخیرہ ہے اسے سخت گرمی کے موسم میں استعمال کرنے کے لئے محفوظ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس وجہ سے وہاں سے ملنے والی بجلی کی مقدار میں کمی آ گئی ہے ۔ دوسری طرف وراہی اور کالی ڈیم کے پانی کے ذخیرہ میں کمی آ گئی ہے جس کی وجہ سے بجلی کی پیداوار مطلوبہ مقدار کے مطابق نہیں ہورہی ہے ۔